240

اسلام امن اور بھائی چارے کا مذہب ہے.عارف انور بلوچ کمشنر ساہیوال

ساہیوال (خصوصی رپورٹ ) کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا ہے کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا مذہب ہے اور ہمارے علما کرام کو چاہیے کہ وہ مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کو ختم کرنے اور امن کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں ۔ اسلام دشمن عناصر نے دین اسلام کو بدنام کرنے کے لئے اسے منظم طریقے سے دہشت گردی اور انتہا پسندی سے منسوب کیااور ایک امن پسند مذہب کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کیں جنہیں دور کیا جانا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ انہوں نے یہ بات سرکٹ ہاؤس میں اتحاد بین المسلمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوے کہی جس میں انتظامی افسران آر پی او شارق کمال صدیقی ، ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو ، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ رضوان ندیم ، ڈپٹی کمشنر پاک پتن ڈاکٹر احمدافنان ، اے ڈی سی جی ساہیوال آصف محمود لودھی کے علاوہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، مولانا محمد حسن معصومی، شیخ اعجاز احمد رضا، مولانا سردار احمد سردار، قاری بشیر احمد، قاری عتیق الرحمن ، سید کوثر علی رضوی اور سید اسامہ بخاری نے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال کے علماء نے ڈویژن کو پر امن اور مذہبی تعصبات سے بالا تر بنانے میں جو اہم کردار ادا کیا ہے وہ لائق تحسین ہے اور اس پیغام کو دوسرے علاقوں تک بھی پہنچایا جانا چاہیے انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسلام دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب بنا رہے ہیں جنہیں معاشرے کے تمام طبقات کو متحدہو کر ناکام بنانا ہو گا۔ انہوں نے انتظامیہ اور علماء کے درمیانی مسئلہ رابطے کو بھی سراہا اور اسے امن و امان قائم رکھنے میں اہم قرار دیا۔ اجلاس سے آر پی او شارق کمال صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواسہ رسول کی قربانی ہمیں اس بات کا سبق دیتی ہے ہم اپنی صفوں میں انتشار پیدا کرنے والے عوامل کو کم کریں اور اتحاد کی قوتوں کو مظبوط کریں ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے ساہیوال کی مثالی مذہبی فضا کو برقرار رکھنے میں معاشرے کے تمام طبقات کے اہم کردار کو سراہا اور یقین دلایا کہ مستقبل میں بھی علماء اتحاد امہ کے لئے اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں