301

30 سال سے بھی کم عمرلڑکے لڑکیوں کو دل کے دورے کیوں پڑرہے ہیں؟

دل کی بیماریاں اتنی عام ہو چکی ہیں کہ آج کل 30سال سے بھی کم عمر لڑکے لڑکیوں کو ہارٹ اٹیک آ رہے ہیں۔ اب ماہرین نے اتنی کم عمر میں دل کے دورے پڑنے کی شرح بلند ہونے کی اصل وجہ بیان کر دی ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ کم عمر لڑکے لڑکیوں کو دل کی بیماریاں لاحق ہونے اور ہارٹ اٹیک آنے کی وجہ آج کے دور کی تیزی اور کام کی زیادتی ہے۔

ایشیئن ہارٹ انسٹیٹیوٹ کے ماہرامراض قلب ڈاکٹر سنتوش کمار ڈورا نے بتایا کہ ’’آج کے دور میں نوجوان پر جس قدر کام کا دباؤ ہے پہلے کبھی نہ تھا۔ کام کے اوقات طویل ترین ہو گئے ہیں ، ان وجوہات کی بنا پر نوجوانوں میں ذہنی پریشانی اور ہائپرٹینشن کی شرح بہت زیادہ ہو چکی ہے۔‘‘ڈاکٹر سنتوش کا مزید کہنا تھا کہ ’’آج کل کے لوگوں کی خوراک بھی متناسب نہیں رہی اور ورزش بھی ان کی زندگیوں سے نکل گئی ہے۔ یہ تمام وہ عوامل ہیں جو آج کی تیز تر زندگی کی پیداوار ہیں اور یہی دل کی بیماریوں کا سبب بن رہے ہیں۔آج کے دور میں کام کا جو رواج پنپ چکا ہے اس کے دباؤ کے نتیجے میں لوگ سگریٹ اور شراب نوشی کی طرف بھی زیادہ راغب ہوتے ہیں جو دل کی تباہی کا ایک اور سبب ہے۔ آج کل لوگ گھر کے بنے کھانے کی بجائے بازار سے فاسٹ فوڈز وغیرہ کو ترجیح دینے لگے ہیں کیونکہ ان کے پاس گھر پر کھانا پکانے کے لیے وقت ہی نہیں اور پھر باہر سے کھانا ایک رواج بھی بن چکا ہے۔ یہ وہ عوامل ہیں جو لوگوں میں ہائی کولیسٹرول، ذیابیطس اور دیگر بیماریوں کا سبب بن رہے ہیں اور نوجوان نسل کو انتہائی کم عمری میں ہی ہارٹ اٹیک آ رہے ہیں۔
(qahani.com سے مفاد عامہ کے لیے انتخاب)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں