200

ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو کی طرف سے افسران کی لیبراور محکمانہ قوانین کی معلومات سے آگاہ نہ ہونے پر شدید سرزنش

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹونے بھٹہ ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو ہدایت کی کہ وہ سوشل سکیورٹی کارڈز کے اجراء کے لئے مزدوروں کے کوائف سوشل سکیورٹی آفس کو جلد بھجوائیں تا کہ ان کی فلاح و بہبود کے لئے کارڈز جاری ہو سکیں ۔یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں چائلڈ لیبر کے حوالے سے ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں دوسرے محکموں کے علاوہ متعلقہ محکمہ لیبر کے افسران نے بھی شرکت کی۔انہو ں نے محکمہ لیبر کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور افسران کی لیبراور محکمانہ قوانین کی معلومات سے آگاہ نہ ہونے پر شدید سرزنش کی ۔اجلاس کے دورا ن ڈپٹی کمشنر نے لیبر افسران سے چائلڈ لیبر کے حوالے سے موجود قوانین کے بارے میں دریافت کیا لیکن انہیں اپنے محکمے کے متعلقہ قوانین کے بارے میں بھی علم نہیں تھا جس پر انہوں نے ناراضگی کا اظہار کیا ۔انہو ں نے افسران کو ہدایت کی کہ اگلے اجلا س میں مکمل تیاری کے ساتھ شرکت کریں ۔انہو ں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ پولیس کے افسران بھٹوں کے وزٹ کریں اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے حوالے سے اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے سر انجام دیں ۔انہوں نے بھٹہ ایسوسی ایشن کے عہدیداران پر زور دیا کہ وہ مزدوروں کے سوشل سکیورٹی کارڈز کے لئے مختص کی گئی رقم بھی جلد از جلد کوائف کے ساتھ جمع کروائیں تا کہ مزدوروں کو سرکاری سطح پر علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آ سکیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں